کیاعذاب و راحت ِقبر کا تعلق اسی دنیاوی جسم اور دنیاوی قبرسے ہے؟
قرآن ِمجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
٭ مِمَّا خَطِيْۗـــٰٔــتِهِمْ اُغْرِقُوْا فَاُدْخِلُوْا نَارًا ۔ فَلَمْ يَجِدُوْا لَهُمْ مِّنْ دُوْنِ اللّٰهِ اَنْصَارًا
”(نوح ؑکی قوم والے) اپنی خطاؤں کی بناء پر ڈبو دئیے گے اور آگ میں داخل کردئیے گےتو انھوں نے اللہ کے علاوہ کسی کو
اپنا مددگار نہ پایا۔“(نوح: ۲۵)
٭ ضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا لِّلَّذِيْنَ كَفَرُوا امْرَاَتَ نُوْحٍ وَّامْرَاَتَ لُوْطٍ ۭ كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَيْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَيْنِ فَخَانَتٰهُمَا فَلَمْ يُغْنِيَا عَنْهُمَا مِنَ اللّٰهِ شَيْــــًٔا وَّقِيْلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدّٰخِلِيْنَ
” اور اللہ مثال دیتا ہے کافروں کو نوح ؑو لوط ؑکی بیویوں کی، دونوں ہمارے نیک بندوں کے گھروں میں تھیں۔ دونوں نے خیانت کی تو
وہ انکے کام نہ آئے اور انھیں حکم دیا گیا کہ داخل ہوجاؤ آگ میں داخل ہونے والوں کے ساتھ۔“ (تحریم : ۱۰)
٭ وَجٰوَزْنَا بِبَنِيْٓ اِسْرَاۗءِيْلَ الْبَحْرَ فَاَتْبَعَھُمْ فِرْعَوْنُ وَجُنُوْدُهٗ بَغْيًا وَّعَدْوًا ۭ حَتّٰٓي اِذَآ اَدْرَكَهُ الْغَرَقُ ۙقَالَ اٰمَنْتُ اَنَّهٗ لَآ اِلٰهَ اِلَّا الَّذِيْٓ اٰمَنَتْ بِهٖ بَنُوْٓ اِسْرَاۗءِيْلَ وَاَنَا مِنَ الْمُسْلِمِيْنَ 90 اٰۗلْئٰنَ وَقَدْ عَصَيْتَ قَبْلُ وَكُنْتَ مِنَ الْمُفْسِدِيْنَ 91فَالْيَوْمَ نُنَجِّيْكَ بِبَدَنِكَ لِتَكُوْنَ لِمَنْ خَلْفَكَ اٰيَةً ۭ وَاِنَّ كَثِيْرًا مِّنَ النَّاسِ عَنْ اٰيٰتِنَا لَغٰفِلُوْن 92
”اور ہم بنی اسرائیل کو سمندر سے گذار کر لے گئے۔ پھر فرعون اور اسکے لشکر نے ظلم و زیادتی کی غرض سے انکا پیچھا کیا یہاں تک کہ جب وہ (فرعون) ڈوبنے لگا (اور غیب شہود بن گیا) تو پکار اٹھا کہ میں نے مان لیا کہ اس الٰہ کے علاوہ کوئی دوسرا الٰہ نہیں جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے ہیں اور میں نے بھی اسکے سامنے سر اطاعت خم کردیا۔(اللہ کی طرف سے جواب دیا گیا) اب ایمان لا رہا ہے حالانکہ اس سے پہلے تک تو نافرمانی کرتا رہا اور فسادپرجمارہا۔اب تو ہم تیرے بدن کو بچائیں گے تاکہ تو بعد میں آنے والوں کیلئے نشان ِعبرت بنے۔ حقیقت یہ ہے کہ لوگوں کی اکثریت ہماری نشانیوں سے غفلت برتتی ہے۔“ (یونس: ۹۰۔۹۲)
آل فرعون کیلئے مزید فرمایا گیا:
فَوَقٰىهُ اللّٰهُ سَيِّاٰتِ مَا مَكَرُوْا وَحَاقَ بِاٰلِ فِرْعَوْنَ سُوْۗءُ الْعَذَابِ 45ۚاَلنَّارُ يُعْرَضُوْنَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَّعَشِـيًّا ۚ وَيَوْمَ تَـقُوْمُ السَّاعَةُ ۣ اَدْخِلُوْٓا اٰلَ فِرْعَوْنَ اَشَدَّ الْعَذَابِ 46
”آخر کار ان لوگوں نے جو بری چالیں اسکے خلاف چلیں اللہ نے سب سے اسکو بچا لیا اور آل ِفرعون خود بدترین عذاب کے پھیر میں آگئے۔ جہنم کی آگ ہے جس پر صبح و شام وہ پیش کئے جاتے ہیں اور جب قیامت برپا ہوگی تو حکم ہوگا کہ آل فرعون کو شدید تر عذاب میں داخل کردو۔“ (المومن: ۴۵۔۴۶)
قرآن کریم کی ان آیات میں چند قوموں کا تذکرہ ہے جن کو اللہ تعالی نے عذاب کے ذریعے ہلاک کردیا۔ نوح و لوط علیہما السلام کی قومیں مکمل طور پر تباہ کردی گئیں،بتائیے کس نے انکی قبریں بنائیں؟ اللہ تعالی انکے لئے ڈبوکر ہلاک کردینے اور جہنم میں داخل کردینےکا ذکر فرماتا ہے حالانکہ انکے جسم تو اسی دنیا میں لاوارث پڑے تھے۔ اسی طرح فرعون اور اسکے ساتھیوں کی لاشیں بھی اسی دنیا میں ہیں لیکن انکے لئے فرمایا گیا کہ ان کو صبح و شام آگ پر پیش کیا جاتا ہے۔
اسی طرح نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:
٭ دَخَلَتْ امْرَأَةٌ النَّارَ فِي هِرَّةٍ رَبَطَتْهَا فَلَمْ تُطْعِمْهَا وَلَمْ تَدَعْهَا تَأْکُلُ مِنْ خَشَاشِ الْأَرْضِ
( عن عبد اللہ بن عمر ؓ ، بخاری، کتاب المساقاۃ ، بَابُ فَضْلِ سَقْيِ المَاءِ )
”ایک عورت جہنم میں داخل کردی گئی ا س وجہ سے کہ اس نے بلی کو باندھ کے رکھا ہو ا تھا نہ اسکو کھانے کیلئے کچھ دیا اور نہ ہی اسکو کھلا چھوڑا کہ وہ کیڑے وغیرہ کھا لیتی یہاں تک کہ وہ مر گئی۔“
٭ عمرو بن لحی وہ شخص تھا کہ جس نے عرب میں بتوں کے نام پر جانور چھوڑنے کی رسم رائج کی تھی، نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے اسکے متعلق فرمایا: رَأَيْتُ جَهَنَّمَ يَحْطِمُ بَعْضُهَا بَعْضًا وَرَأَيْتُ عَمْرًا يَجُرُّ قُصْبَهُ وَهْوَ أَوَّلُ مَنْ سَيَّبَ
السَّوَائِبَ
( عن عائشہ ؓ ، بخاری، کتاب العمل فی الصلاۃ ، بَابُ إِذَا انْفَلَتَتْ الدَّابَّةُ فِي الصَّلاَةِ)
”میں نے جہنم کو دیکھا کہ اسکا ایک حصہ دوسرے کو برباد کر رہا تھا اور اس میں عمرو بن لحی کو دیکھا وہ اپنی آنتیں کھینچ رہا تھا۔“
٭ ابو ثمامۃ عمرو بن دینار کیلئے فرمایا: وَرَأَيْتُ أَبَا ثُمَامَةَ عَمْرَو بْنَ مَالِکٍ يَجُرُّ قُصْبَهُ فِي النَّارِ
( عن جابر بن عبد اللہ ؓ ، مسلم ، کتاب الکسوف ، باب ما عرض على النبي صلى الله عليه وسلم في صلاة الكسوف من أمر الجنة والنار)
”اور میں نے دیکھا ابو ثمامۃ کو جہنم میں اپنی آنتیں کھینچ رہا تھا۔“
قرآن و حدیث کے بیانات سے ثابت ہوا کہ ان دنیاوی جسموں کا عذاب قبر سے کوئی تعلق نہیں۔اب ہم آتے ہیں جزا کے معاملات کی طرف :
٭ ایک شخص کو اللہ کی طرف دعوت دینے پر شہید کردیا گیا ، قرآن بتاتا ہے : قِيْلَ ادْخُلِ الْجَنَّةَ ۭ قَالَ يٰلَيْتَ قَوْمِيْ يَعْلَمُوْنَ 26ۙ بِمَا غَفَرَ لِيْ رَبِّيْ وَجَعَلَنِيْ مِنَ الْمُكْرَمِيْنَ 27
”اس سے کہا گیا داخل ہو جا جنت میں، کہنے لگا کاش میری قوم کو معلوم ہو جائے کہ اللہ نے مجھے بخش دیا اور عزت داروں میں شامل کردیا“ ( یٰس : ۲۶ ۔ ۲۷ )
غزوہ بدر میں شہیدہونے والے حارثہ بن سراقہ رضی اللہ تعالی عنہ کی والدہ سے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:
يَا أُمَّ حَارِثَةَ إِنَّهَا جِنَانٌ فِي الجَنَّةِ، وَإِنَّ ابْنَكِ أَصَابَ الفِرْدَوْسَ الأَعْلَى
( عن انس بن مالک ؓ ، بخاری ، کتاب الکتاب و السیر ، بَابُ مَنْ أَتَاهُ سَهْمٌ غَرْبٌ فَقَتَلَهُ)
”اے حارثہ کی والدہ ، اللہ کی جنتوں کی تعداد تو بہت ہے تیرا بیٹا تو جنت الفردوس میں ہے۔“
٭ غزؤہ احد کے شہداء کیلئے فرمایا :
وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِيْنَ قُتِلُوْا فِيْ سَبِيْلِ اللّٰهِ اَمْوَاتًا ۭ بَلْ اَحْيَاۗءٌ عِنْدَ رَبِّھِمْ يُرْزَقُوْنَ ١٦٩ۙ فَرِحِيْنَ بِمَآ اٰتٰىھُمُ اللّٰهُ مِنْ فَضْلِھٖ ۙ وَيَسْـتَبْشِرُوْنَ بِالَّذِيْنَ لَمْ يَلْحَقُوْا بِھِمْ مِّنْ خَلْفِھِمْ ۙ اَلَّا خَوْفٌ عَلَيْھِمْ وَلَا ھُمْ يَحْزَنُوْنَ ١٧٠ۘ يَسْتَبْشِرُوْنَ بِنِعْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ وَفَضْلٍ ۙ وَّاَنَّ اللّٰهَ لَا يُضِيْعُ اَجْرَ الْمُؤْمِنِيْنَ ١٧١ (آل عمران: ۱۶۹ تا ۱۷۰ )
”اور جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کئے جائیں انہیں مردہ گمان نہ کرو بلکہ وہ تو اپنے رب کے پاس زندہ ہیں اور رزق پارہے ہیں اور جو کچھ اللہ نے اپنے فضل سے انہیں دیا ہے اس پر خوش و خرم ہیں کہ جو اہل ایمان انکے پیچھے دنیا میں رہ گئے ہیں اور ابھی ان سے نہیں ملے انکے لئے بھی خوف اور رنج کا کوئی موقع نہیں ہے وہ اللہ کے انعام اور اسکے فضل سے شاداں و فرحاں ہیں اور انکو معلوم ہو چکا ہے کہ اللہ مومنوں کے اجر کو ضائع نہیں کرتا۔“
سورۃ آل عمران کی اس آیت کی تشریح میں نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:
عَنْ مَسْرُوقٍ قَالَ سَأَلْنَا عَبْدَ اللَّهِ عَنْ هَذِهِ الْآيَةِ وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَائٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ قَالَ أَمَا إِنَّا قَدْ سَأَلْنَا عَنْ ذَلِکَ فَقَالَ أَرْوَاحُهُمْ فِي جَوْفِ طَيْرٍ خُضْرٍ لَهَا قَنَادِيلُ مُعَلَّقَةٌ بِالْعَرْشِ تَسْرَحُ مِنْ الْجَنَّةِ حَيْثُ شَائَتْ ثُمَّ تَأْوِي إِلَی تِلْکَ الْقَنَادِيلِ فَاطَّلَعَ إِلَيْهِمْ رَبُّهُمْ اطِّلَاعَةً فَقَالَ هَلْ تَشْتَهُونَ شَيْئًا قَالُوا أَيَّ شَيْئٍ نَشْتَهِي وَنَحْنُ نَسْرَحُ مِنْ الْجَنَّةِ حَيْثُ شِئْنَا فَفَعَلَ ذَلِکَ بِهِمْ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ فَلَمَّا رَأَوْا أَنَّهُمْ لَنْ يُتْرَکُوا مِنْ أَنْ يُسْأَلُوا قَالُوا يَا رَبِّ نُرِيدُ أَنْ تَرُدَّ أَرْوَاحَنَا فِي أَجْسَادِنَا حَتَّی نُقْتَلَ فِي سَبِيلِکَ مَرَّةً أُخْرَی فَلَمَّا رَأَی أَنْ لَيْسَ لَهُمْ حَاجَةٌ تُرِکُوا
( عن مشروق ، مسلم ، کتاب الامارۃ ، باب بيان أن أرواح الشهداء في الجنة، وأنهم أحياء عند ربهم يرزقون)
” شہداء کی روحیں سبز اڑنے والے جسموں میں ہیں اور انکے لئے قندیلیں عرشِ الہی سے لٹکی ہوئی ہیں وہ جنت میں جہاں چاہے گھومتے پھرتے ہیں اور پھر ان قندیلوں میں آکر بسیرا کرتے ہیں۔ انکی طرف انکے رب نے جھانکا اور ارشاد فرمایا کہ تمھیں کسی اور چیز کی خواہش ہے۔ شہداء نے جواب دیا کہ اب ہم کس چیز کی خواہش کرسکتے ہیں، جبکہ ہمارا حال یہ ہے کہ ہم جنت میں جہاں چاہیں مزے کریں۔ اللہ تعالی نے اس طرح تین بار ان سے یہی دریافت کیا اور شہداء نے دیکھا کہ جب تک وہ کسی خواہش کا اظہار نہ کرینگے انکا رب ان سے برابر پو چھتا رہے گا تو انہوں نے کہا کہ مالک ہماری تمنّا یہ ہے کہ ہماری روحوں کو پھر ہمارے جسموں میں واپس لوٹا دیا جائے اور ہم دوسری بار تیری راہ میں شہید کئے جائیں۔ اب کہ مالک نے دیکھ لیا کہ انہیں کسی اور چیز کی خواہش نہیں ہے تو پھر ان سے پوچھنا چھوڑ دیا“
٭ عبد اللہ بن عمرو بن حرام رضی اللہ تعالی عنہ شہید احد کیلئے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے انکے بیٹے جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے فرمایا:
قَالَ مَا کَلَّمَ اللَّهُ أَحَدًا قَطُّ إِلَّا مِنْ وَرَائِ حِجَابٍ وَأَحْيَا أَبَاکَ فَکَلَّمَهُ کِفَاحًا فَقَالَ يَا عَبْدِي تَمَنَّ عَلَيَّ أُعْطِکَ قَالَ يَا رَبِّ تُحْيِينِي فَأُقْتَلَ فِيکَ ثَانِيَةً قَالَ الرَّبُّ عَزَّ وَجَلَّ إِنَّهُ قَدْ سَبَقَ مِنِّي أَنَّهُمْ إِلَيْهَا لَا يُرْجَعُونَ
( عن جابر ؓ، ترمذی، ابواب تفسیر القرآن ، باب : ومن سورۃ آل عمران ، روایت حسن )
”اللہ تعالی نے کسی سے بھی روبرو کلام نہیں کیا لیکن تمھارے والد سے آمنے سامنے کلام کیا اور فرمایا میرے بندے مانگ تجھے دونگا تو انھوں نے عرض کیا کہ اے رب مجھے دوبارہ زندہ فرما اور میں تیری راہ میں قتل کیا جاؤں۔ اللہ تعالی نے فرمایا یہ بات میری طرف سے طے ہوچکی ہے کہ یہ پلٹائے نہیں جائنگے۔“
٭ جعفر بن ابی طالب رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کے بعد ابن عمر رضی اللہ تعالی انکے بیٹے کو سلام کرتے ہوئے کہتے تھے :
”السلام علیک یا ابن ذی الجناحین“
( عن عامر، بخاری ، کتاب المغازی ، بَابُ غَزْوَةِ مُؤْتَةَ مِنْ أَرْضِ الشَّأْمِ )
”ا ے دو بازؤں والے کے بیٹے تم پر سلامتی ہو“ کہتے تھے۔
اسکی وجہ یہ تھی کہ انکی شہادت سے قبل کافروں نے انکے دونوں ہاتھ کاٹ ڈالے تھے اور ترمذی کی روایت میں بیان کیا گیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :
رَأَيْتُ جَعْفَرًا يَطِيرُ فِي الْجَنَّةِ مَعَ الْمَلَائِکَةِ
( عن ابی ہریرۃ ؓ ، ترمذی، ابواب المناقب ، بَابُ مَنَاقِبِ جَعْفَرِ بْنِ أَبِي طَالِبٍ أَخِي عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، روایت غریب ، تائید بالروایۃصحیح البخاری )
”میں نے جعفر کو دیکھا وہ جنت میں فرشتوں کے ساتھ اڑ رہے تھے۔“
٭ اپنے فرزند ابراہیم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کیلئے فرمایا :
إنَّ لَهُ مُرْضِعًا فِي الْجَنَّةِ
( عن براء بن عازب ؓ ، بخاری ، کتاب الجنائز ، بَابُ مَا قِيلَ فِي أَوْلاَدِ المُسْلِمِينَ )
”جنت میں انکے لئے ایک دودھ پلانے والی ہے۔“
اوپر بیان کردہ آیات ِ قرآنی و احادیث ِصحیحہ سے بات مکمل طور پر واضح ہو گئی ہے کہ جزا و سزا یعنی عذاب قبر اور راحت کا معاملہ اس دنیاوی جسم کے ساتھ ہر گز نہیں کیونکہ جو دفن نہیں کئے گئے انکو بھی عذاب میں مبتلا کیا گیا ہے اور جن کے جسم عجائب گھر یا اسی دنیا میں موجود ہیں انکے لئے بھی صبح و شام جہنم پر پیش کئے جانے کا بیان ہے اور جو اس ارضی قبر میں دفن کئے گئے انکی سزا جہنم میں اور جزا جنت میں بیان کی گئی۔ مندرجہ ذیل حدیث بھی اسی بات کی وضاحت کرتی ہے:۔
مَا مِنْ عَبْدٍ یَمُوْتُ لَہٗ عِنْدَاﷲِ خَیْرٌ یَّسُرُّہٗ اَنْ یَرْجِعَ اِلَی الدُّنْیَا وَمَا فِیْھَا اِلَّا الشَّھِیْدَ لِمَا یَرٰی مِنْ فَضْلِ الشَّھَادَۃِ فَاِنَّہٗ یَسُرُّہٗ اَنْ یَّرْجِعُ اِلَی الدُّنْیَا فَیُقْتَلُ مَرَّۃً اُخْرٰی…
( عن انس بن مالک ، بخاری، کتاب الجھاد و السیر ، بَابُ الحُورِ العِينِ، وَصِفَتِهِنَّ يُحَارُ فِيهَا الطَّرْفُ، شَدِيدَةُ سَوَادِ العَيْنِ، شَدِيدَةُ بَيَاضِ العَيْنِ)
”بندوں میں سے جو کوئی مرتا ہے اور اس کے لئے اللہ کے پاس کچھ خیر ہے تو نہیں چاہتا کہ دنیا کی طرف لوٹ آئے اگرچہ اسکو دنیا کی ہر چیز دے دی جائے، مگر سوائے شہید کہ اس نے شہادت کی فضیلت دیکھ لی ہوتی ہے لہذا وہ چاہتا ہے کہ دنیا کی طرف لوٹ آئے اور دوبارہ اللہ کی راہ میں قتل کیا جائے۔“
مَالِکٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَا أَحَدٌ يَدْخُلُ الْجَنَّةَ يُحِبُّ أَنْ يَرْجِعَ إِلَی الدُّنْيَا وَلَهُ مَا عَلَی الْأَرْضِ مِنْ شَيْئٍ إِلَّا الشَّهِيدُ يَتَمَنَّی أَنْ يَرْجِعَ إِلَی الدُّنْيَا فَيُقْتَلَ عَشْرَ مَرَّاتٍ لِمَا يَرَی مِنْ الْکَرَامَةِ
( عن انس بن مالک ، بخاری، کتاب الجھاد و السیر ،بَابُ تَمَنِّي المُجَاهِدِ أَنْ يَرْجِعَ إِلَى الدُّنْيَا)
’’ انس بن مالک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص جنت میں داخل ہوتا ہے، وہ اس بات کو نہیں چاہتا، کہ دنیا کی طرف پھر لوٹ جائے، چاہے دنیا میں اسے دنیا بھر کی چیزیں مل جائیں، البتہ شہید یہ چاہتا ہے کہ وہ ہر بار دنیا کی طرف لوٹا یا جاتا رہے، تاکہ وہ دس مرتبہ قتل کیا جائے، کیونکہ وہ قتل فی سبیل اللہ کی فضیلت دیکھ چکا ہے۔‘‘
فاسق بھی اس دنیا سے جانے کے بعد لوٹائے جانے کی درخواست کرتا ہے جو رد کردی جاتی ہے۔ (المومنون:۹۹۔ ۰۰۱)
معلوم ہوا کہ مرنے والا اس دنیا سے چلا جاتا ہے اور جس کسی کیلئے اللہ تعالی کے پاس بھلائی ہے تو وہ کبھی بھی اس دنیا کی طرف واپس آنا پسند نہیں کرتا چاہے اسکو دنیا کی ہر چیز دے دی جائے اس لئے کہ اللہ تعالی کی نعمتوں کے مقابلے میں ساری دنیا بھی اسے کم تر نظر آتی ہے۔ شہید چونکہ شہادت کی فضیلت دیکھ چکا ہوتا ہے اس لئے چاہتا ہے کہ دوبارہ اس دنیامیں بھیجا جائے اور اللہ کی راہ میں لڑ کر دوبارہ شہید ہو اور اس فضیلت کو پھر حاصل کرے لیکن اللہ تعالی فیصلہ فرما چکا ہے کہ دنیا سے جانے والے قیامت سے پہلے واپس نہیں لوٹائے جائیں گے۔ یہ سب اس زمینی قبر میں نہیں بلکہ کسی اور مقام پر ہوتا ہے جہاں سے وہ اس دنیا کی طرف آنے کی خواہش کرتا ہے۔ اسی طر ح کافر و فاسق موت سے ہمکنار ہوتا ہے تو حقیقت اسکے سامنے واضح ہو جاتی ہے وہ بھی اس دنیا میں واپس بھیجے جانے کی درخواست کرتا ہے جو کہ رد کردی جاتی ہے۔
اس سلسلے میں مزید احادیث ملاحظہ فرمائیے جو اس بات کی قطعی وضاحت کردیتی ہیں کہ مرنے کے بعد جزا و سزا کا اس زمینی قبر سے کوئی تعلق نہیں:۔
٭ نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے مسجد نبوی کی تعمیر کیلئے جس جگہ کا انتخاب فرمایا وہاں مشرکین کی قبریں تھیں نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے حکم پر وہ قبریں کھود دی گئیں،
فَأَمَرَ النَّبِيُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِقُبُورِ الْمُشْرِکِينَ فَنُبِشَتْ
( عن انس بن مالک ؓ ، بخاری، کتاب الصلاۃ ، بَابٌ: هَلْ تُنْبَشُ قُبُورُ مُشْرِكِي الجَاهِلِيَّةِ، وَيُتَّخَذُ مَكَانُهَا مَسَاجِدَ )
٭ غزوہ بدر کے موقع پر مارے گئے مشرکین کی لاشوں کو علیحدہ علیحدہ دفن کئے جانے کے بجائے ایک کنوئیں میں ڈال دیا گیا، لیکن
امیہ بن خلف کا جسم ٹکڑے ٹکڑے ہو گیاتھا لہذا وہ اس میں نہیں ڈالا جاسکا:
يَوْمَ بَدْرٍ فَأُلْقُوا فِي بِئْرٍ غَيْرَ أُمَيَّةَ بْنِ خَلَفٍ أَوْ أُبَيٍّ تَقَطَّعَتْ أَوْصَالُهُ فَلَمْ يُلْقَ فِي الْبِئْرِ۔“
( عن عبد اللہ ؓ ، بخاری ، کتاب مناقب الانصار ، بَابُ مَا لَقِيَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَصْحَابُهُ مِنَ المُشْرِكِينَ بِمكَّةَ)
٭ ایک شخص ایمان لایا اور کاتب وحی مقرر ہوا، پھر مرتد ہو گیا اسکی موت پر لوگوں نے جب اسے دفن کیا تو زمین نے رات کو اسے باہر پھینک دیا اسی طرح تین دفعہ دفن کئے جانے کے بعد بھی جب زمین نے اسکو باہر پھینک دیا تو اس کے لوگوں نے اسے یونہی پڑا رہنے دیا۔
فَأَمَاتَهُ اللَّهُ فَدَفَنُوهُ فَأَصْبَحَ وَقَدْ لَفَظَتْهُ الْأَرْضُ فَقَالُوا هَذَا فِعْلُ مُحَمَّدٍ وَأَصْحَابِهِ لَمَّا هَرَبَ مِنْهُمْ نَبَشُوا عَنْ صَاحِبِنَا فَأَلْقَوْهُ فَحَفَرُوا لَهُ فَأَعْمَقُوا فَأَصْبَحَ وَقَدْ لَفَظَتْهُ الْأَرْضُ فَقَالُوا هَذَا فِعْلُ مُحَمَّدٍ وَأَصْحَابِهِ نَبَشُوا عَنْ صَاحِبِنَا لَمَّا هَرَبَ مِنْهُمْ فَأَلْقَوْهُ فَحَفَرُوا لَهُ وَأَعْمَقُوا لَهُ فِي الْأَرْضِ مَا اسْتَطَاعُوا فَأَصْبَحَ وَقَدْ لَفَظَتْهُ الْأَرْضُ فَعَلِمُوا أَنَّهُ لَيْسَ مِنْ النَّاسِ فَأَلْقَوْهُ
( عن انس ؓ ، بخاری ، کتاب المناقب ، بَابُ عَلاَمَاتِ النُّبُوَّةِ فِي الإِسْلاَمِ )
٭ إِنَّمَا مَرَّ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَی يَهُودِيَّةٍ يَبْکِي عَلَيْهَا أَهْلُهَا فَقَالَ إِنَّهُمْ لَيَبْکُونَ عَلَيْهَا وَإِنَّهَا لَتُعَذَّبُ فِي قَبْرِهَا
( عن عائشہ ؓ ، کتاب الجنائز ، بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «يُعَذَّبُ المَيِّتُ بِبَعْضِ بُكَاءِ أَهْلِهِ عَلَيْهِ» إِذَا كَانَ النَّوْحُ مِنْ سُنَّتِهِ ")
’’نبی صلی اللہ علیہ و سلم ایک (فوت شدہ)یہودی عورت کے پاس سے گذرے اسکے گھر والے اس پر رو رہے تھے۔ نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ”یہ لوگ اس پر رو رہے ہیں اور اسے اسکی قبر میں عذاب دیا جارہا ہے۔“
ذرا غور فرمائیے کہ اگر عذاب قبر اسی زمینی قبر میں ہوتا ہے تو نبی صلی اللہ علیہ و سلم مشرکوں کی قبروں کو کیوں کھدواتے؟ اللہ کے دشمن امیہ بن خلف کے جسم کے ٹکڑوں کو کنوئیں میں نہ ڈلواکر کیا اسے عذاب قبر سے بچا لیا؟ اور اسی طرح وہ مرتد بھی عذاب سے بچ گیا جسکے لاشے کو اسکی قبر نے باہر پھینک دیا!یہودی عورت والی حدیث تو اس عقیدۂ عذاب قبر کی حقیقت کو مکمل طور پر عیاں کررہی ہے کہ اس عذاب کا نہ اس دنیاوی جسم سے کوئی تعلق ہے نہ اس ارضی قبر سے۔ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے الفاظ پر غور فرمائیے کہ ”یہ لوگ اس پر رو رہے ہیں اور اسے اسکی قبر میں عذاب دیا جارہا ہے۔“ اسکا مطلب ہے کہ وہ کوئی اور قبر ہے جہاں مرنے والے پر راحت اور عذاب کا دور گذرتا ہے۔
سورہ عبس میں اللہ تعالی فرماتا ہے:
ثُمَّ اَمَاتَهٗ فَاَقْبَرَهٗ 21”پھر ا س کو موت دی اور قبر دی۔“(عبس: ۱۲)
قرآن ِمجید میں ہر نفس کیلئے موت سے ہمکنار ہونا بیان فرمایا گیا ہے اور اس آیت میں اس بات کی وضاحت ہے کہ جس کو موت دی جاتی ہے اس کو قبر بھی دی جاتی ہے۔ جس طرح موت دینا اللہ کا کام ہے اسی طرح قبر دینا بھی اللہ ہی کا کام ہے چاہے دنیا والے اسے دفنائیں یانہ دفنائیں ہر مرنے والے کیلئے بہرحال قبر ہے۔
کتنے ہی لوگ ہیں کہ جن کو یہ زمینی قبر نہیں ملتی، کتنی ہی قوموں کا تذکرہ قرآن و حدیث میں ملتا ہے کہ ا ن کو عذاب کے ذریعے ہلاک کردیا گیا، کس نے ان کی قبریں بنائیں؟ بدھ مت اور ہندو اپنے مردے جلا دیتے ہیں اسی طرح سوشلسٹ و کمیونسٹ۔مجوسی اپنے مردے پرندوں کو کھلادیتے ہیں۔ خود نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی زندگی میں مرتد ہو جانے والے کاتب وحی کو قبر نہ ملی۔ امیہ بن خلف زمینی گڑھے میں نہ چھپایا گیا جبکہ اللہ تعالی نے تو قبر کا ملنا ہر اس شخص کیلئے فرمایاہے جسکو موت آئے۔ آخر وہ کونسی قبر ہے کہ یہودی عورت ابھی دفن بھی نہیں ہوئی اور اسکے متعلق فرمایا گیا کہ اسے اسکی قبر میں عذاب دیا جارہا ہے۔
ان دلائل سے یہ بات مکمل طور پر واضح ہے کہ فوت شدہ انسان کو قیامت تک ہونے والے عذاب یا راحت کا اس زمینی قبر سے قطعاً کوئی تعلق نہیں۔
۔
۔
طالب دعاء
رقیب الاسلام بن رشید علی سلفیؔ
ممبئی، ہند